بھارت دہشتگرد تنظیموں کو ہتھیار دے کر پاکستان میں بدامنی پھیلانا چاہتا ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (پختون ڈیسک)  وزیر دفاع خواجہ آصف نے طالبان کو بھارت کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کرانے کی سازش کر رہا ہے،

ٹی ٹی پی کو ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد فراہم کر کے پاکستانی شہروں کو نشانہ بنانے کی تیاری میں ہے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے انکشاف کیا کہ خفیہ اداروں کے پاس ایسے شواہد موجود ہیں

جن کے مطابق بھارت مختلف راستوں سے دہشت گردوں کو اسلحہ مہیا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی ناپاک سازشیں اب بے نقاب ہو رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اشرف غنی کے دورِ حکومت میں افغانستان میں بھارتی قونصلیٹ دہشت گردوں کو فنڈنگ اور اسلحہ کی فراہمی میں ملوث تھیں، اور نریندر مودی کی حکومت اپنی گجرات والی ذہنیت کے تحت پاکستان کے خلاف کارروائیاں کروا رہی ہے۔

خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ طالبان نہ صرف اسلام کے نام پر دھبہ ہیں بلکہ وہ بھارتی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بلوچ لبریشن آرمی کو بھی بھارت نواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھارت سے مالی معاونت حاصل کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں ہم روایتی سیاست کا حصہ رہے ہیں، شاہد خاقان عباسی

وزیر دفاع نے بھارت کو خبردار کیا کہ اگر اس بار پاکستان کو نشانہ بنایا گیا تو جواب ماضی سے زیادہ سخت اور واضح ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پلوامہ کا واقعہ بھارت کا خودساختہ ڈرامہ تھا اور اس بار بھی اگر بھارت ویسا کوئی منصوبہ دہراتا ہے تو اسے منہ کی کھانی پڑے گی۔ ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے، بھرپور جواب دیں گے، خواجہ آصف نے دوٹوک انداز میں کہا۔

Scroll to Top