پرانی گاڑیوں کا موٹروے پر داخلہ بند

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نے ایک اہم اقدام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب 20 سال سے زائد پرانی گاڑیاں پاکستان کی موٹر ویز پر سفر نہیں کر سکیں گی۔ یہ فیصلہ ملک بھر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کے پیش نظر عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہیں چاق چوبند دستے نے سلامی دی اور انہوں نے شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی۔

عبدالعلیم خان نے موٹروے پر حادثات میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قیمتی جانیں بچانے کے لیے سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے آئی جی موٹر وے پولیس کو ہدایت کی کہ حادثات کی روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔

وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ 20 سال سے پرانی گاڑیوں پر پابندی سختی سے نافذ کی جائے گی، جبکہ اوور اسپیڈنگ اور ایکسل لوڈ کی خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کمرشل ڈرائیورز کے لیے لازمی تربیتی نظام متعارف کرایا جا رہا ہے اور آئندہ تین ماہ میں تمام کمرشل گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرانا لازمی قرار دیا جائے گا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ تمام اقدامات ملک میں روڈ سیفٹی بہتر بنانے اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top