اسلام آباد: پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے کی جانے والی دھمکیوں پر حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ایک ہی صفحے پر آگئے ہیں۔
پی ٹی آئی نے سینیٹ میں بھارتی اقدامات کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے حکومت سے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے ہم سب ایک ہیں، تاہم حکومت نے بھارت کو صرف “ہومیوپیتھک پیغام” دیا ہے، جبکہ اس وقت سخت پیغام دینے کی ضرورت ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بھارت کو واضح اور ٹھوس جواب دیا جانا چاہیے تاکہ اس کی جارحیت کا مقابلہ کیا جا سکے۔
مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ عالمی برادری نے بھارت کے جھوٹ کا ساتھ نہیں دیا، اور ان کا کہنا تھا کہ پہلگام حملے میں یہ محسوس ہوتا ہے کہ ایف آئی آر پہلے درج کی گئی اور حملہ بعد میں ہوا۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ کسی سیاسی مقاصد کے لیے کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ بھارتی حکومت کے اس ڈرامے کا اسکرپٹ سب جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مودی سرکار نے پاکستان کے پانی کا ایک قطرہ بھی موڑا تو یہ دشمن کا حملہ سمجھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا اسمبلی میں پہلگام واقعے کی مذمت اور بھارتی آبی جارحیت کے خلاف قرارداد منظور
اسی دوران سینیٹر فیصل واوڈا نے اے پی سی بلانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دشمن کو قومی یکجہتی دکھانے کا وقت ہے، اور بھارت کے اقدامات کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم سب کو ایک ساتھ کھڑا ہونے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔





