پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت کشیدگی، ملک بھر کے ایئرپورٹس پر سکیورٹی ہائی الرٹ، غیرملکی پروازوں کی کڑی نگرانی شروع کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت کشیدہ صورت حال کے پیش نظر ملک بھر کے ایئرپورٹس پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، جبکہ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت تمام بڑے ہوائی اڈوں پر نگرانی سخت کر دی گئی ہے۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بھارتی فضائی حدود سے آنے اور جانے والی تمام غیرملکی ایئرلائنز کی پروازوں پر خصوصی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اگرچہ بھارتی ایئرلائنز پر پاکستان میں پہلے ہی پابندی عائد ہے، تاہم دیگر غیر ملکی پروازوں کی آمدورفت بدستور جاری ہے۔
ایئر ٹریفک کنٹرولرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک جہاز کو ایئر ڈیفنس نمبر کے بغیر کلیئرنس نہ دی جائے۔ اس ضمن میں کپتان سے پری ڈپارچر ایئر ڈیفنس نمبر طلب کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں تاکہ قومی فضائی حدود کی مکمل حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
سکیورٹی اقدامات کے تحت ایئرپورٹس پر کام کرنے والے تمام اداروں کے ملازمین اور افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہر وقت اپنے سرکاری شناختی کارڈ اور ادارہ جاتی کارڈ اپنے ہمراہ رکھیں۔ بغیر شناخت کسی اہلکار یا افسر کی آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پولیس، ایئرپورٹ سیکورٹی فورس (ASF) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان سکیورٹی امور میں بہتر ہم آہنگی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام قوانین پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ملک کی فضائی حدود کے تحفظ اور داخلی سیکیورٹی کی صورتحال کے تناظر میں کیے گئے یہ اقدامات پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔





