اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر الگ الگ پیغامات جاری کرتے ہوئے صحافیوں کی قربانیوں اور میڈیا کے آزاد، ذمہ دار کردار کی اہمیت پر زور دیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں آزاد اور ذمہ دار پریس کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور غزہ اور فلسطین میں رپورٹنگ کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین کا آرٹیکل 19 آزادی اظہار کی ضمانت دیتا ہے لیکن میڈیا کو جعلی خبروں، سنسنی پھیلانے اور غلط معلومات کے سیلاب میں اپنی ذمہ داری بڑھانی ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ صحافیوں کی قربانیاں تاریخ کا سنہری باب ہیں اور پاکستانی میڈیا کے قومی مفاد میں ذمہ دارانہ کردار کی تحسین کی جانی چاہیے۔
انہوں نے فیک نیوز اور سیاسی مقاصد کے لیے میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : صدر آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات، سکیورٹی صورتحال پر گفتگو
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت آزادی صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کے حقوق کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد اور ذمہ دار میڈیا جمہوریت کی روح ہے اور اس کے بغیر کسی بھی معاشرتی تبدیلی کا خواب دیکھنا ممکن نہیں۔





