سوئٹزرلینڈ اور یونان نے پہلگام واقعے پر غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کے لیے پاکستان سے تعاون پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور سوئس وزیر خارجہ اگنازیو کیسس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں علاقائی سیکیورٹی اور پہلگام واقعے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے پُرامن راستہ اختیار کرنے کے عزم پر قائم ہے، تاہم خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
اسحاق ڈار نے اپنے سوئس ہم منصب کو بھارت کے حالیہ اشتعال انگیز اقدامات، بے بنیاد الزامات اور سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی پر گہری تشویش سے بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے واقعے کے حقائق سامنے لانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر آزاد اور شفاف تحقیقات کے مطالبے کو دہرایا، سوئس وزیر خارجہ نے پاکستان کے پُرامن مؤقف کو سراہا اور تحقیقات کے لیے مناسب طریقہ کار پر تعاون کی پیشکش کی، دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی ناکہ بندی نے غزہ کو قحط میں دھکیل دیا، بھوک سے 57 فلسطینی دم توڑ گئے
اس سے پہلے اسحاق ڈار اور یونان کے وزیر خارجہ جارج گیراپیٹرائٹس کے درمیان بھی ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی جس میں یونانی وزیر خارجہ نے پہلگام واقعے کی غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات کے لیے پاکستان کی تجویز کی حمایت کی۔





