سیاسی رہنما بھی نشانے پر!بھارت نے بلاول بھٹو اور عمران خان کے ایکس اکاؤنٹس بند کر دیے

سیاسی رہنما بھی نشانے پر!بھارت نے بلاول بھٹو اور عمران خان کے ایکس اکاؤنٹس بند کر دیے

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے اب سوشل میڈیا پر سنسرشپ کا سہارا لینا شروع کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے آزادی اظہارِ رائے پر ایک اور قدغن لگاتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹس بلاک کر دیے ہیں۔ اس اقدام کو بھارتی حکومت کی جانب سے سچ کو دبانے اور اپنے بیانیے کو مسلط کرنے کی ایک اور کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ بلاکنگ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت کی پہلگا فالس فلیگ کارروائی دنیا کے سامنے بے نقاب ہوئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے اب سوشل میڈیا پر سنسرشپ کا سہارا لینا شروع کر دیا ہے تاکہ حقائق بھارتی عوام تک نہ پہنچ سکیں۔

اس سے قبل بھارت نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیراعظم شہباز شریف اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے ایکس اکاؤنٹس کو بھی بلاک کیا تھا۔ اب اس فہرست میں ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنما بلاول بھٹو زرداری اور عمران خان کے اکاؤنٹس بھی شامل کر لیے گئے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق بھارت کی یہ پالیسی بین الاقوامی سطح پر آزادی اظہار رائے کے اصولوں کے منافی ہے اور یہ اقدام نہ صرف سیاسی تعصب کو ظاہر کرتا ہے بلکہ علاقائی تناؤ میں اضافے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔ سوشل میڈیا ماہرین نے بھی اس عمل کو’’ڈیجیٹل بلیک آؤٹ‘‘قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

Scroll to Top