شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ ان کے اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان براہِ راست کوئی اختلاف نہیں، لیکن انہیں معلوم ہے کہ کن افراد نے ان کے کانوں میں باتیں ڈالیں۔
تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیاسی مخالف ضرور ہیں، لیکن ان کا سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی خواہش پر سیاست میں آئے اور انہیں کی وجہ سے شہرت ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’اگر بانی پی ٹی آئی خود مجھے پارٹی چھوڑنے کو کہتے تو میں فوراً ایسا کر دیتا۔‘‘
انہوں نے واضح کیا کہ ان کے اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان براہِ راست کوئی اختلاف نہیں، لیکن انہیں معلوم ہے کہ “کن افراد نے ان کے کانوں میں باتیں ڈالیں۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کی بانی جماعت سے دوبارہ ملاقاتوں کی راہ بھی انہی کی کوششوں سے ہموار ہوئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ “2024 کے انتخابات کی اصل فاتح پی ٹی آئی ہی ہے، جس طرح 2018 میں بھی ہم ہی فاتح تھے۔
انہوں نے پارٹی کے اندرونی اختلافات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ چغل خوری اور حسد نے پارٹی کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی قریب ہے، لیکن پارٹی کی جانب سے تاحال کوئی واضح ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔
شیر افضل مروت کا مریم نواز سے متعلق بیان موجودہ سیاسی ماحول میں خاصا توجہ حاصل کر رہا ہے، جہاں وہ اپنی سیاسی مخالف کو بزدار سے بہتر قرار دے کر اختلافِ رائے میں شائستگی اور حقیقت پسندی کی مثال پیش کر رہے ہیں۔
