بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بھارت معاملے پر قوم اور پی ٹی آئی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ملکی دفاع پر کسی قسم کی سیاست یا مفاہمت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف دہشت گردی کی بھرپور مذمت کرتی ہے، اور ملکی سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی نرمی کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے بھارتی الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے پر بھارت نے ایک بار پھر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات پاکستان پر لگائے، جس کا مقصد صرف خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا اور دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہٹانا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستانی قوم کو داخلی اختلافات کے باوجود دشمن کے مقابلے میں کبھی تقسیم نہیں کیا جا سکتا، اور انڈیا کے معاملے پر پوری قوم پاک افواج کے ساتھ متحد ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے معاہدے کی معطلی یا خلاف ورزی ’’ایکٹ آف وار‘‘ کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حساس معاملے پر حکومت کو آل پارٹی کانفرنس بلانی چاہیے تھی تاکہ قومی سطح پر یکجہتی کا مظاہرہ کیا جا سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پی ٹی آئی ہر محاذ پر موجود ہے اور کوئی بھی ایسا اقدام جو قومی سلامتی کے خلاف ہو، وہ ناقابل قبول ہوگا۔





