پاکستان کا فتح میزائل کاکامیاب تجربہ ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )
پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے ’’فتح سیریز‘‘کے میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ تجربہ جاری فوجی مشق’’ایکس انڈس‘‘ کے تحت کیا گیا، جس کا مقصد افواج کی عملی تیاریوں اور تکنیکی مہارت کا جائزہ لینا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فتح میزائل کی رینج 120 کلومیٹر ہے اور اس میں جدید نیویگیشن سسٹم کے ساتھ ہدف پر انتہائی درستگی سے نشانہ لگانے کی صلاحیت موجود ہے۔ میزائل نے تجربے کے دوران کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا، جو اس کی ٹیکنالوجی اور ہدف پر کاری ضرب کی صلاحیت کا مظہر ہے۔
تربیتی تجربے کے موقع پر پاک فوج کے سینئر افسران، اسٹریٹجک تنظیموں کے سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے، جنہوں نے اس کامیابی کو سراہا اور اسے ملکی دفاع کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور چیف آف آرمی اسٹاف نے بھی میزائل تجربے میں شامل تمام افسران، سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تکنیکی مہارت پر مکمل اعتماد ہے، جو وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔





