9 مئی حملہ کیس، پی ٹی آئی ایم پی اے گرفتار

9 مئی واقعہ! مزید 20 ملزمان کو سزائیں، پی ٹی آئی کی معاونت نہ ملنے پر عدالت سے رحم کی اپیل

عدالت نے 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات میں ملوث 20 ملزمان کو جرم کا اعتراف کرنے پر چھ، چھ ماہ قید بامشقت اور 50، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی ۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات میں ملوث 20 ملزمان کو جرم کا اعتراف کرنے پر چھ، چھ ماہ قید بامشقت اور 50، 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے تمام ملزمان کو فوری طور پر حراست میں لے کر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا، جبکہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو سزا پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزمان نے 9 مئی کو بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد منظم منصوبہ بندی کے تحت اسلام آباد کے علاقے ترنول میں ریلوے اسٹیشن پر حملہ کیا۔ اس دوران سرکاری املاک، جن میں عمارت، کھڑکیاں، دروازے، کمپیوٹرز اور ریکارڈ شامل تھے، کو آگ لگا کر شدید نقصان پہنچایا گیا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ تمام ملزمان نے دوران ٹرائل دفعہ 164 کے تحت اپنے جرم کا اعتراف کیا اور وہ گزشتہ دو سال سے ضمانت پر رہا تھے۔ اپنے اقبالی بیانات میں ملزمان نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کے اکسانے پر قانون کو ہاتھ میں لیا، لیکن اب وہ اپنے عمل پر نادم اور پشیمان ہیں۔

ملزمان نے عدالت سے رحم کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزدور طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، اور مستقبل میں کسی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہیں بنیں گے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ پی ٹی آئی قیادت نے انہیں تنہا چھوڑ دیا، نہ قانونی امداد فراہم کی اور نہ مالی معاونت، جس پر وہ سخت پچھتاوے میں مبتلا ہیں۔

عدالت نے ملزمان کی ندامت اور مالی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے سزا میں نرمی کی، اور چھ ماہ قید بامشقت کے ساتھ جرمانے کا فیصلہ سنادی۔

Scroll to Top