ٹرمپ حکومت نے ہارورڈ کی اربوں کی گرانٹ منسوخ کر دی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کو وفاقی امداد کی فراہمی معطل کر دی ہے، جس سے یونیورسٹی کی تحقیق اور دیگر امور متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی محکمہ تعلیم نے ہارورڈ یونیورسٹی کو اس اقدام سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر یونیورسٹی نے حکومت کے مطالبات پر عمل نہ کیا تو یہ امداد مستقل طور پر معطل رہ سکتی ہے۔

امداد کی معطلی کا فیصلہ ہارورڈ یونیورسٹی کی جانب سے حکومتی مطالبات ماننے سے انکار کے بعد سامنے آیا۔ واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے مارچ میں اعلان کیا تھا کہ وہ ہارورڈ یونیورسٹی کے تقریباً 256 ملین ڈالر کے جاری وفاقی معاہدوں اور مزید 8.7 ارب ڈالر کی مجوزہ گرانٹس کا ازسر نو جائزہ لے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہارورڈ یونیورسٹی کا فنڈنگ روکنے پر ٹرمپ انتظامیہ کیخلاف مقدمہ دائر

حکومت کا الزام ہے کہ یونیورسٹی کیمپس میں یہود مخالف رویے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی ہے۔

یونیورسٹی اور حکومت کے درمیان کشیدگی اس وقت شدت اختیار کر گئی جب ہارورڈ نے دیگر تعلیمی اداروں کے برعکس حکومتی دباؤ کے تحت اپنے اندرونی تعلیمی و انتظامی فیصلوں میں مداخلت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

Scroll to Top