شہزاد نوید
سوات: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سوات نے سال 2026 کے انٹرمیڈیٹ (ایچ ایس ایس سی) کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا، جس میں نجی کالجز کی طالبات نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرلیں۔
نتائج کے مطابق ڈان کالج سوات کی حفصہ حیات نے 1155 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی۔
المدینہ کالج کی زلالہ گوہر نے 1147 نمبر حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ المدینہ کالج کی عروسہ اور ٹیپو کالج کی ایقان رحمان نے 1143، 1143 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں : دریائے سوات میں نہانے اور غیر قانونی بوٹنگ پر ایک ماہ کیلئے پابندی عائد
بورڈ حکام نے پوزیشن ہولڈرز کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2026 کا مجموعی رزلٹ گزٹ بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق طلبہ و طالبات اپنا نتیجہ سوات تعلیمی بورڈ کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن چیک کرسکتے ہیں جبکہ ایس ایم ایس کے ذریعے بھی نتائج معلوم کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ امتحانات کے مجموعی پاسنگ پرسنٹیج اور پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔





