اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران خراب موسم کی پیش گوئی کرتے ہوئے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ کے متعدد اضلاع میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، وزیرآباد، حافظ آباد، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، سرگودھا، فیصل آباد، میانوالی، جھنگ، ساہیوال، لیہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں موسم کی شدت دیکھی جا سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، بنوں، مردان، پشاور، صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی آندھی، بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں اندرون سندھ کے علاقوں میرپورخاص، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنز میں بھی آندھی، گرج چمک اور طوفانی بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شہری تیاری کرلیں! خیبر پختونخوا میں بارشوں کا امکان، موسم ابر آلود رہے گا
این ڈی ایم اے نے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔





