امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی رابطہ کیا، جس میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق، مارکو روبیو نے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش کی اور مستقبل میں تنازعات سے بچنے کے لیے امریکا کی طرف سے تعمیری معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی رابطہ کیا، جس میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا گیا۔ تاہم، اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ کو واضح کیا کہ اگر بھارت مزید کوئی جارحیت نہیں کرتا تو پاکستان کی جانب سے ردعمل روکا جا سکتا ہے، لیکن اگر بھارت نے مزید جارحیت کی تو پاکستان کا جواب اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا۔
پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے ’’آپریشن بنیان المرصوص‘‘ شروع کر دیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران بھارتی ایئر بیس ادھم پور، براہموس اسٹوریج پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ، سپلائی ڈپو ’اُڑی‘ اور بھارتی بریگیڈ کوارٹر جی ٹاپ سمیت اہم تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
یہ رابطہ اور کارروائیاں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، جہاں دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے خطرات کو کم کرنے کے لیے عالمی قوتوں کی کوششیں جاری ہیں۔





