سب سے اہم میرا ملک پاکستان ہے ،ماورا حسین کا اداکار ہرش وردھن کو بھرپور جواب

سب سے اہم میرا ملک پاکستان ہے ،ماورا حسین کا اداکار ہرش وردھن کو بھرپور جواب

ماورا حسین نے ہرش وردھن رانے کو سوشل میڈیا پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ جنگی حالات میں پی آر اسٹریٹجی کے ذریعے صرف توجہ حاصل کرنا شرم کی بات ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کا کہنا تھا کہ بھارتی اداکار ہرش وردھن رانے کی جانب سے حالیہ بیان میں پاکستان کے خلاف زہر اُگلا گیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ’’صنم تیری قسم‘‘ کے سیکوئل میں ماورا حسین کو کاسٹ کیا گیا تو وہ اس فلم کا حصہ نہیں بنیں گے۔

ماورا نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ صرف شہرت حاصل کرنے کا ایک طریقہ ہے، کیونکہ ایسا سب اچانک نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں ہر روز دھماکوں کی آوازیں آتی ہیں، اور ہمارے بچے بزدلانہ حملوں میں مارے جا رہے ہیں، جبکہ بھارت نے امن قائم کرنے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔

پاکستانی اداکارہ نے کہا کہ جب ہمارا ملک جنگ کے حالات سے گزر رہا ہے، تو تم لوگ پی آر اسٹریٹجی کے ذریعے صرف توجہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہو، جو انتہائی شرم کی بات ہے۔

ماورا حسین نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اپنے ساتھی اداکاروں کی عزت کی ہے اور وہ یہی سلسلہ جاری رکھیں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر نو سال بعد ہرش وردھن کو ان کی شہرت سے فائدہ ہو رہا ہے، تو اس کا مطلب ہے کہ ان کی ٹیم کی حکمت عملی غلط ہے۔

ماورا حسین نے آخر میں اپنی دعائیں پاکستان کی افواج اور دونوں ممالک کے شہریوں کے ساتھ رکھی اور کہا کہ ان کے لیے سب سے اہم ’’پاکستان‘‘ ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے سے کیا۔

ماورا کے اس ردعمل نے ان کے مداحوں میں بھرپور پذیرائی حاصل کی، اور انہوں نے بھارتی اداکار کی حقیقت کو بے نقاب کرنے پر ان کی تعریف کی۔

Scroll to Top