کنٹرول لائن کے عوام ہمارے اصل ہیرو ہیں، انجینئر امیر مقام

وفاقی وزیر امورِ کشمیر انجینئر امیر مقام نے راولاکوٹ میں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کا دورہ کیا اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔

اس موقع پر انہوں نے متاثرین کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

بعد ازاں ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انجینئر امیر مقام نےکہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر زخمیوں کی عیادت کے لیے راولاکوٹ آیا ہوں،کنٹرول لائن کے عوام ہمارے اصل ہیرو ہیں، جو سینہ تان کر دشمن کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے جس جرات و بہادری سے دشمن کو جواب دیا، اس نے مودی کو سوچنے پر مجبور کر دیا، پاکستانی قوم کا جذبہ بلند ہے، ہم ایک قوم، ایک آواز بن کر کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انجینئر امیر مقام نے کہاکہ بھارت ظلم و بربریت سے کشمیریوں کے حوصلے نہیں توڑ سکتا،کشمیری عوام کو یقین دلانے آیا ہوں کہ ان کی حمایت صرف زبانی نہیں بلکہ عملی ہے۔

وفاقی وزیر امورِ کشمیر نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، ہم جموں و کشمیر کے مسئلے کا پُرامن حل چاہتے ہیں، مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ مقامی سول اداروں کا کردار قابلِ تعریف ہے، ہسپتالوں کی سہولیات مزید بہتر بنائی جائیں گی ۔

دریں اثنا انجینئر امیر مقام نےبھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کے لواحقین اور متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے تحصیل ہجیرہ آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کیا۔

وفاقی وزیر نے شہداء کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت کی جانب سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے شہداء کے ہر خاندان کو ایک ایک کرور معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تباہ شدہ مکانات کی بھی تعمیر نو کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر زخمی کو 10 سے 20 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے عوام کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پورے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے محافظ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا رابطہ، جنوبی ایشیا کی صورتحال پر گفتگو

اس سے قبل راولاکوٹ سے جاتے ہوئے وفاقی وزیر کا کھائی گالہ اور ہجیرہ بازار میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔

Scroll to Top