خیبرپختونخوا کابینہ کا 32 واں اجلاس آج وزیراعلیٰ کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہو رہا ہے، جس کیلئے 39 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ کا 32 واں اجلاس آج وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہو رہا ہے، جس کے لیے 39 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں صوبے کے مختلف اہم امور پر فیصلے کیے جانے کا امکان ہے، جن میں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قیام، مختلف اضلاع میں ترقیاتی اقدامات اور قانون سازی شامل ہیں۔
کابینہ آج صوبے میں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قیام کے لیے اس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اور متعلقہ اسٹاف کی منظوری دے گی۔ یہ اتھارٹی کثیرالمنزلہ عمارتوں کے لیے پالیسی سازی اور تعمیراتی معیار پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
اہم منظوریوں کا امکان
اجلاس میں سمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز، اور ضلع کولائی پالس کوہستان میں ضلعی ہیڈکوارٹر اسپتال کے قیام کی منظوری بھی متوقع ہے۔
مزید برآں، لیگل ایڈ ترمیمی ایکٹ 2019 اور پراسیکیوشن ترمیمی ایکٹ 2025 کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے، جو صوبے میں قانونی و عدالتی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
کابینہ اجلاس میں جنوبی وزیرستان اور ٹانک کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں کے لیے سرکاری گاڑیوں کی خریداری، سی پیک اسکالرشپ کے لیے خیبرپختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو پانچ کروڑ روپے کی ادائیگی، اور ہائیر ایجوکیشن اسکالرشپ فنڈ کے لیے سیڈ منی کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
سماجی و فلاحی اقدامات
اجلاس میں منشیات سے نجات پانے والے افراد کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد دینے کی منظوری پر بھی غور کیا جائے گا، جب کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں پی پی ایچ آئی پروجیکٹ کے ملازمین کے مستقبل سے متعلق فیصلہ متوقع ہے۔
اجلاس میں پشاور پریس کلب کی نئی کابینہ کی حلف برداری کے موقع پر وزیراعلیٰ کے اعلانات کی توثیق بھی کی جائے گی۔
اس کے علاوہ خیبرپختونخوا ڈیجیٹل پیمنٹ اور فن ٹیک حکمت عملی کی منظوری بھی آج کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے، جس سے صوبے میں مالیاتی ڈیجیٹل نظام کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔