وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ ’’بیرسٹر گوہر وضاحت کریں کہ اگر عمران خان ڈیل نہیں چاہتے تو پھر وہ آخر چاہتے کیا ہیں؟
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے حالیہ بیان پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات اختیار ولی نے شدید ردعمل دیا ہے۔اختیار ولی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر کا یہ کہنا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کسی قسم کی ڈیل نہیں چاہتے، مضحکہ خیز دعویٰ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر واقعی عمران خان ڈیل کے خواہاں نہیں، تو عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کریں۔
اختیار ولی کا کہنا تھا کہ ’’بیرسٹر گوہر وضاحت کریں کہ اگر عمران خان ڈیل نہیں چاہتے تو پھر وہ آخر چاہتے کیا ہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی جو کچھ حاصل کرنا چاہتے ہیں، وہ اسے ڈیل کا نام نہیں دینا چاہتے۔‘‘
انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان پس پردہ این آر او مانگ رہے ہیں، لیکن دنیا کو اس کا علم نہ ہو، اسی لیے اس مطالبے کو ’’ڈیل‘‘کا نام دینے سے گریز کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے اسمبلی میں مذاکرات کی پیشکش کا خیر مقدم کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’عمران خان سے ہونے والی بات کو کبھی میڈیا پر شیئر نہیں کیا، ان کے بچے بھی باخبر ہیں اور انہوں نے بھی واضح کیا ہے کہ کسی قسم کی ڈیل نہیں ہوئی۔‘‘
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عمران خان کے ساتھ ڈیل کی تردید کرتے ہیں، اور سیاسی مسائل کا حل صرف بات چیت اور مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اندرونی حلقوں میں بھی مشاورت جاری رہتی ہے۔





