عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف سے اہم ملاقات کی ہے جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران اے این پی کے مرکزی صدر نے وفاقی حکومت کی جانب سے مالاکنڈ ڈویژن اور ضم شدہ اضلاع میں ٹیکس نافذ کرنے کے فیصلے پر عوام میں پائی جانے والی شدید بے چینی اور اضطراب سے بھی وزیرِاعظم کو تفصیل سے آگاہ کیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان علاقوں کے غریب عوام کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکسز کے فیصلے پر فوری نظرِ ثانی کی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔
ملاقات میں سینیٹر ایمل ولی خان نے چارسدہ کے ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ایم آر آئی اور سی ٹی سکین سمیت دیگر اہم طبی سہولیات کی عدم دستیابی کا معاملہ بھی اٹھایا اور اس سے عوام کو درپیش مشکلات کا تذکرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : مالاکنڈ اور ضم اضلاع میں ٹیکسوں کا نفاذ یکسر مسترد، اے این پی کے لویہ جرگہ کا اعلامیہ جاری
وزیراعظم شہباز شریف نے اس دیرینہ عوامی مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چارسدہ ہسپتال کے لیے ایم آر آئی اور سی ٹی سکین مشین کی فراہمی کی منظوری دے دی اور متعلقہ حکام کو اس پر فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیے۔





