پاک بھارت کشیدگی،خیبرپختونخوا حکومت کامختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی انجینئرز کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ

محمد اعجاز آفریدی

حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے مختلف پراجیکٹس میں کام کرنے والے چینی انجینئرز کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیاہے اور اس حوالے سے تمام اضلاع میں چائنیز کے علاوہ دیگر غیر ملکیوں کی سکیورٹی پر پولیس کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں کے سکیورٹی اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ غیر ملکیوں کی سکیورٹی کے لئے فل پروف انتظامات کئے جائیں۔

ذرائع کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جارہاہے کہ کشیدگی کے بعد انڈیا اپنی پراکسی کے ذریعے خیبرپختونخوا میں سی پیک اور دیگر مختلف پراجیکٹس میں کام کرنے والے غیر ملکی باشندوں کو نشانہ بناسکتے ہیں۔

پختون ڈیجیٹل کے پاس دستیاب شواہد کے مطابق پشاور کے سنگم میں واقع ضلع خیبرمیں اپریل کے مہینے میں دہشت گردوں کی تشکیل کے اطلاعات آئی ہے جس پر ضلع خیبر کے ملاگوری میں ورسک کنال سسٹم پر کام کرنے والے چائنیز کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے ۔

بتایاجاتاہے کہ اس پراجیکٹ میں 10 چینی باشندے کام کررہے ہیں جن کی سکیورٹی کے لئے ایک ایس پی کی نگرانی میں 49 ایلیٹ فورس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔

پشاورڈویژن کے ضلع مہمندمیں مختلف پراجیکٹس میں 226 چینی باشندے کام کررہے ہیں ،جن کو کافی سخت سکیورٹی دی گئی ہے اور 129 پولیس اہلکاروں کی اضافی سکیورٹی دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ضم ضلع مہمند میں گزشتہ ماہ 85 تھرٹ الرٹ آئے ہیں ،دستیاب شواہد کے مطابق ضلع نوشہرہ میں مختلف پراجیکٹس میں 45چینی باشندے کام کررہے ہیں جن میں ایک فلپائن ، پولینڈ اور قازقستان کا بھی ایک ایک باشندہ شامل ہیںجن کی حفاظت کے لئے مجموعی طورپر 737 سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

چارسدہ میں چینی باشندوں کی آسان نقل و حرکت کے لئے ان راستوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا جن راستوں سے چینی باشندے گزرتے ہیں اور ان کی سکیورٹی کے لئے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں آئی جی خیبرپختونخوا کاکہناہے کہ غیر ملکیوں کی سکیورٹی کے لئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جو بھی پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کوچیلنج کرےگا ہمارا جواب بے رحمانہ ہو گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

ویڈیو لنک پر اجلاس کے دوران آئی جی خیبرپختونخوا نے تمام ڈی پی اوز اور آر پی اوز کو ہدایات جاری کئے ہیں کہ اپنے متعلقہ احاطے میں امن و آمان کے قیام کے ساتھ ساتھ راہداری منصوبہ پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے۔

Scroll to Top