صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ تشکر کے موقع پر قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ آج ہم بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیانِ مرصوص کی کامیابی پر یومِ تشکر منا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ ربِ ذوالجلال کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے پاکستان کو اس نازک وقت میں فتح سے ہمکنار کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کی مسلح افواج کے جانباز سپاہیوں اور ان کے قائدین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف افواجِ پاکستان کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے، پوری قوم دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیانِ مرصوص کی طرح متحد ہو کر کھڑی رہی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا، ہماری آپریشنل مہارت نے دشمن کو جارحیت سے باز آنے پر مجبور کیا اور ہم وقار کے ساتھ متحد ہو کر فتح یاب ہوئے۔
صدر زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا لیکن اگر ہماری سرزمین کے خلاف کوئی جارحیت کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے سندھ طاس معاہدے کے یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے میں ایسی کوئی شق موجود نہیں اور پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے قومی طاقت کے تمام ذرائع استعمال کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پیکا ایکٹ کیخلاف جدوجہد میں صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، حافظ نعیم
صدر نے ان شہید سپاہیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کا دفاع کیا، صدر مملکت نے کہا ہم اپنے ان بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو دشمن کے سامنے چٹان کی مانند ڈٹ کر کھڑے رہے۔
اپنے پیغام صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اعادہ کیا کہ بطور صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور اپنی مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔





