وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ تشکر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کے غرور کو خاک میں ملانے پر قوم نے اتحاد اور جرات کی مثال قائم کی، وزیراعظم نے اس کامیابی کو غیرت، اصول اور قومی وحدت کی فتح قرار دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں بھارت کی حالیہ جارحیت پر تاریخی اور فیصلہ کن فتح پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کرنے کی تلقین کی۔
وزیراعظم نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب رقم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی بزدلانہ جارحیت کا بروقت اور مؤثر جواب دیا جس کے نتیجے میں بھارتی طیارے راکھ کا ڈھیر اور دشمن کے فوجی اڈے کھنڈرات میں بدل گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس معرکے کو فوج اور قوم کی مشترکہ فتح قرار دیا اور کہا کہ یہ معرکہ تعصب، جارحیت اور ظلم کے بوسیدہ نظریے کے خلاف تھا۔
یہ بھی پڑھیں: معرکۂ حق پوری قوم اور افواج کی یکجہتی کا ثمر ہے، صدرِ مملکت کا یومِ تشکر پر پیغام
وزیراعظم شہبازشریف نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے اُن سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس معرکۂ حق میں جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم پاک افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔





