پشاور: ایم پی اے فضل الٰہی نے پیسکو گرڈا اسٹیشنزپر مشتعل افراد کے ہمراہ دھاوا بول دیا

پشاور میں تحریک انصاف کے رکنِ صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) فضل الٰہی نے مشتعل مظاہرین کے ہمراہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے گرڈ اسٹیشنز پر دھاوا بول کر زبردستی بجلی بحال کروا دی۔

ترجمان پیسکو کے مطابق فضل الٰہی نے زبردستی رحمٰن بابا گرڈ اسٹیشن سے تمام فیڈرز چالو کرا دیے۔

انہوں نے بتایا کہ زبردستی فیڈرز چالو کرانے سے نظام اوورلوڈ ہوگیا، جس کے نتیجے میں رحمٰن بابا گرڈ اسٹیشن سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی اور پشاور کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سینکڑوں مظاہرین نے پشاور سٹی گرڈ اسٹیشن اور پشاور انڈسٹریل گرڈ اسٹیشن کا بھی گھیراؤ کیا۔

مظاہرین نے پیسکو عملے کو ڈرایا، دھمکایا اور زدوکوب کیا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ زبردستی آن کیے گئے فیڈرز اُن ہائی لاس فیڈرز میں شامل ہیں جہاں بجلی چوری کی شرح زیادہ ہے اور واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے لوڈ مینجمنٹ کی جاتی ہے۔
پیسکو انتظامیہ نے واقعے کے بعد پولیس کو طلب کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :جب بھی بھارت سے مذکرات ہوں گے کشمیر پر بات ہوگی،پاکستان

ترجمان کے مطابق زبردستی فیڈرز چالو کرانے پر فضل الٰہی کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

Scroll to Top