پھل بھی، سایہ بھی! کے پی میں دیسی درختوں کی شجرکاری کا فیصلہ، بیرسٹر سیف متحرک

پھل بھی، سایہ بھی! کے پی میں دیسی درختوں کی شجرکاری کا فیصلہ، بیرسٹر سیف متحرک

خیبرپختونخوا حکومت نے قدرتی ماحول کی حفاظت اور بحالی کے لیے صوبے بھر میں پھل دار اور دیسی درخت لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مشیر خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ نے انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں قدرتی ماحول کی بحالی کے لیے صوبے بھر میں شجرکاری کی مہم کا آغاز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بیرسٹر سیف نے بتایا کہ بلبل، مینا، ہدہد اور دیگر مقامی پرندوں کی نسلیں پھلدار درختوں کی کمی کے باعث خطرے میں ہیں اور یہ نایاب پرندے خیبرپختونخوا سے رخصت ہوتے جا رہے ہیں۔ اس صورتحال کو سدھارنے کے لیے حکومت نے موثر اقدامات اٹھانے کا عزم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق سرکاری دفاتر، کالونیاں اور دیگر اہم مقامات پر درخت لگائے جائیں گے، جبکہ مون سون کے موسم میں صوبے بھر میں شجرکاری مہم شروع کی جائے گی تاکہ ماحول کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔

یہ اقدام نہ صرف مقامی پرندوں کی بقاء کے لیے اہم ہے بلکہ ماحولیاتی توازن کی بحالی میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

Scroll to Top