کیلاش قبیلے کا سالانہ مذہبی تہوار چیلم جوش اختتام پذیر

چترال: کیلاش قبیلے کا مشہور سالانہ مذہبی اور ثقافتی تہوار چیلم جوش تمام تر رعنائیوں، روایتی رسومات اور رنگا رنگ تقریبات کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔

یہ تہوار ہر سال موسمِ بہار کی آمد پر منایا جاتا ہے، رواں برس چیلم جوش فیسٹیول 13 مئی کو شروع ہوا اور اس کی تقریبات کیلاش کی تینوں مشہور وادیوں رومبور، بریر اور بمبوریت میں منعقد ہوئیں۔

تہوار کا باقاعدہ آغاز وادی رومبور سے ہوا، جب کہ اس کا اختتام وادی بمبوریت میں خصوصی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے ساتھ ہوا۔

فیسٹیول کے دوران کیلاش قبیلے کے مرد و خواتین نے اپنے روایتی رنگ برنگے لباس زیب تن کیے، روایتی موسیقی پر گھیرے ڈال کر رقص کیا اور صدیوں پرانی رسومات کو جوش و خروش سے ادا کیا۔

چیلم جوش فیسٹیول دیکھنے کے لیے ملک بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد چترال کی وادیوں کا رخ کرتی ہے۔ اس سال بھی سیاحوں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور کیلاش قبیلے کی انوکھی ثقافت اور روایات سے لطف اندوز ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان کا مستقبل محفوظ، روشن اور تابناک ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

فیسٹیول کے اختتام پر قبیلے کے افراد اپنے مال مویشیوں کو گرمائی چراگاہوں کی طرف لے جانے کی تیاری کرتے ہیں۔

Scroll to Top