ایٹا کےاساتذہ بھرتی ٹیسٹ میں نقل کرنے پر 10 امیدواروں کے خلاف کارروائی

سلمان یوسفزئی

خیبر پختونخوا میں ایجوکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ایویلیوایشن ایجنسی (ایٹا) کے زیر اہتمام اساتذہ کی بھرتی کے لیے پیپر بیسڈ ٹیسٹ کا دو روزہ انعقاد کیا گیا۔ ٹیسٹ کے پہلے ہی روز قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر 10 امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

ذرائع کے مطابق مختلف اضلاع میں قائم امتحانی مراکز میں امیدوار جدید ٹیکنالوجی جیسے موبائل فونز اور بلوٹوتھ ڈیوائسز کا استعمال کرتے ہوئے نقل کی کوشش کرتے رہے۔

پشاور کے مختلف مراکز میں متعدد امیدوار موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے، جبکہ کوہاٹ، ہنگو اور کرک میں بلوٹوتھ ڈیوائسز کے ذریعے نقل کی کوششیں کی گئیں۔

پشاور سنٹر سے موبائل فون کے استعمال پر چار امیدوار گرفتار کیے گئے، جن میں ایک خاتون امیدوار بھی شامل ہے۔

ضلع کوہاٹ میں موبائل اور بلوٹوتھ ڈیوائس کے استعمال پر تین امیدواروں کو پکڑا گیا جبکہ ہنگو میں ایک خاتون امیدوار اور کرک میں ایک امیدوار بلوٹوتھ ڈیوائس کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار ہوئے۔

ایٹا حکام کے مطابق تمام امیدواروں کی تفصیلات اور تصاویر متعلقہ اداروں کو بھجوا دی گئی ہیںجبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :کیلاش قبیلے کا سالانہ مذہبی تہوار چیلم جوش اختتام پذیر

حکام کا کہنا ہے کہ امتحانات میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی کو بھی قواعد کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Scroll to Top