وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیراعظم نے بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی ہے جو یورپی ممالک، اقوام متحدہ، یورپی یونین، انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرے گی۔
وفد میں وزیر مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر، سابق سفیر جلیل عباس جیلانی اور وفاقی وزیر خرم دستگیر خان بھی شامل ہوں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج مجھ سے رابطہ کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے وفد کی قیادت کرنے کی درخواست کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی ذمہ داری قبول کرنے پر فخر ہے، میں ان مشکل حالات میں پاکستان کی خدمت کے لیے پرعزم ہوں اور دنیا میں پاکستان کا امن کا مؤقف پیش کروں گا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد
حکومتی ذرائع کے مطابق وفد جلد یورپ روانہ ہوگا اور بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔





