ایشیا کپ 2025 کے ممکنہ بائیکاٹ کی خبروں پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ردعمل دیتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور قبل از وقت قرار دے دیا۔
بی سی سی آئی حکام کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی ایونٹ کے بائیکاٹ کا کوئی امکان زیر غور ہے۔
بھارتی بورڈ کے ترجمان نے واضح کیا کہ اس وقت بی سی سی آئی کی تمام تر توجہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور آنے والی انگلینڈ سیریز پر مرکوز ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایشیا کپ کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ وقت آنے پر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت ایشیا کپ میں شرکت نہیں کرے گا، تاہم بی سی سی آئی کے تازہ مؤقف نے ان قیاس آرائیوں کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 کی میزبانی بھارت کو دی گئی تھی لیکن پاکستان کے خلاف میچ نہ ہونے کی صورت میں ٹورنامنٹ کی مالی اہمیت ختم ہو جاتی ہے۔ ایشیا کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز پاک بھارت ٹاکرا ہوتا ہے، جسے دنیا بھر میں کروڑوں شائقین دیکھتے ہیں۔





