بانی پی ٹی آئی عمران خان نے تفتیشی ٹیم کے سامنے پولی گرافک ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا۔
نجی ٹی وی چینل (ہم) کے مطابق لاہور پولیس کی خصوصی ٹیم ڈی ایس پی آصف جاوید کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی، جہاں انہوں نے عمران خان سے اہم تفتیش کرنا تھی۔ ٹیم میں انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم، انسپکٹر محمد ارحم اور پنجاب فرانزک یونٹ کے عابد ایوب شامل تھے۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جب عملہ عمران خان کو سیل سے بلا کر تفتیشی مقام پر لانے گیا تو انہوں نے وکلا کی غیر موجودگی کے باعث ٹیسٹ میں شامل ہونے سے انکار کر دیا۔
یاد رہے کہ لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 14 مئی کو عمران خان کا پولی گرافک (جھوٹ پکڑنے والے) ٹیسٹ کرانے کی اجازت دی تھی۔
ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم جلد دوبارہ قانونی طریقہ کار کے مطابق عمران خان سے ٹیسٹ کے لیے رجوع کرے گی۔





