این ایف سی ایوارڈ پر وفاق اور خیبرپختونخوا میں اتفاق، تمام صوبوں کو خطوط بھیج دیے گئے

این ایف سی ایوارڈ پر وفاق اور خیبرپختونخوا میں اتفاق، تمام صوبوں کو خطوط بھیج دیے گئے

وفاق اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان نیشنل فنانشل کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے معاملات پر اتفاق رائے قائم ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاق اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان نیشنل فنانشل کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے معاملات پر اتفاق رائے قائم ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگست میں این ایف سی ایوارڈ پر نظر ثانی کی جائے گی اور تمام صوبوں کو اس حوالے سے خطوط بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے تصدیق کی ہے کہ این ایف سی ایوارڈ سمیت مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) میں زیر التوا معاملات حل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے متعدد اہم مسائل پر پیشرفت ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ نے این ایف سی ایوارڈ کی نظرثانی کے معاملے پر ممبر کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ وفاق نے خیبرپختونخوا حکومت سے این ایف سی ایوارڈ پر نظرثانی کے لیے ممبر کے نام کی درخواست کی تھی، جو اب منظور کر لیا گیا ہے۔

اس پیشرفت کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ این ایف سی ایوارڈ کی نظرثانی سے صوبوں کے درمیان مالی مسائل کو بہتر انداز میں حل کرنے میں مدد ملے گی اور صوبوں کو ان کے حصوں کی تقسیم مزید شفاف اور منصفانہ بنائی جائے گی۔

Scroll to Top