پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں 19 مئی کو پیش آنے والے واقعے میں بھارت کی سرپرستی میں دہشتگردی کرنے والے فتنہ الخوارج ملوث ہیں۔
آئی ایس پی آر کے میر علی واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، واقعے میں بدقسمتی سے کچھ شہری جانوں کا زیاں ہوا، بعض حلقوں نے سیکیورٹی فورسز پر بے بنیاد الزامات عائد کیے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ فورسز پر لگائے گئے الزامات سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں، سیکیورٹی فورسز پر لگائےگئے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ الزامات کے جواب میں فوری طور پر ایک جامع تحقیقات کا آغاز کیا گیا، ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ سفاکانہ کارروائی بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج نے منصوبہ بندی کے تحت کی۔





