فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں آج شام ایوانِ صدر میں ایک باوقار اور تاریخی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری انہیں باقاعدہ طور پر فیلڈ مارشل کا بیج لگائیں گے۔
ذرائع کے مطابق تقریب کا آغاز شام 8 بجے ہوگا جبکہ معزز مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شام 7 بجے سے شروع ہو جائے گا۔ اس تقریب میں وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزراء، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، اعلیٰ عسکری قیادت اور دیگر اہم قومی شخصیات شرکت کریں گی۔یہ تقریب پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک یادگار لمحے کی حیثیت رکھتی ہے، جس میں ملکی دفاعی قیادت کو اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا جا رہا ہے۔ فیلڈ مارشل کا عہدہ پاکستان میں شاذ و نادر ہی دیا جاتا ہے، اور عاصم منیر کو یہ اعزاز ملنا ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔
یاد رہے کہ یہ تقریب اصل میں گزشتہ روز ہونا تھی، تاہم بلوچستان کے ضلع خضدار میں ہونے والے افسوسناک دہشت گرد حملے کے پیشِ نظر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر مؤخر کر دی گئی تھی۔ آج کی تقریب اب قومی یکجہتی اور عسکری قیادت کے اعترافِ خدمات کا اظہار بھی سمجھی جا رہی ہے۔





