نوشہرہ: مصری بانڈہ میں ریت مائننگ کے تنازع پر کنسٹرکشن کمپنی کے اہلکاروں اور مقامی رہائشیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک مقامی شہری جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ریت مائننگ کے معاملے پر پیدا ہونے والے تنازع کے دوران پیش آیا۔ کنسٹرکشن کمپنی کے اہلکاروں کی فائرنگ سے مقامی شہری کے جاں بحق اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
واقعے کے خلاف اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا اور جاں بحق شہری کی لاش موٹر وے پر رکھ کر مصری بانڈہ کے مقام پر شاہراہ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کردیا۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ پولیس لائنز دھماکے کی بم ڈسپوزل یونٹ رپورٹ سامنے آگئی
مظاہرین نے فائرنگ میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا، جس کے باعث موٹر وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے کارروائی جاری ہے۔





