وفاقی وزیر محمد معین وٹو نے مہمند ڈیم کے دوسرے فیز کا افتتاح کردیا

وفاقی وزیر آبی وسائل محمد معین وٹو نے مہمند ڈیم کے دوسرے فیز کا افتتاح کردیا۔

وفاقی وزیر میاں محمد معین وٹو نے چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی کے ہمراہ منصوبے کے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

پراجیکٹ انتظامیہ نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی 14 سائٹس پر کام جاری ہے، جن میں ڈائی ورشن سسٹم، اِن ٹیک ٹنل، سپل ویز اور پاور ہاؤس شامل ہیں۔مین ڈیم کی تعمیر سے قبل ریور ڈائی ورشن اور فاؤنڈیشن سمیت دیگر اہم اہداف حاصل کیے جا چکے ہیں۔

معین وٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر اب بھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، کام کی رفتار حوصلہ افزا ہے، چاہتا ہوں ڈیم 2027ء سے پہلے بن جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ منصوبے کی تاخیر پر تشویش ہے، امید ہے مقررہ ہدف ہر صورت میں حاصل ہوگا، پانی کو ذخیرہ کرنے کے بہت سارے منصوبے زیرِ غور ہیں۔

213 میٹر بلند مہمند ڈیم دنیا کا پانچواں بڑا سی ایف آر ڈی ڈیم ہے، جس میں 1.29 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔

ڈیم کی بدولت 18 ہزار ایکڑ سے زائد نئی زمین سیراب ہوگی اور پشاور شہر کو روزانہ 300 ملین گیلن پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :مئی میں 3 کلو ، 5 کلو واٹ سولر سسٹم کا ریٹ کیا ہے؟ صارفین کیلئے اہم خبر

منصوبے سے سالانہ 2.86 ارب یونٹ ماحول دوست بجلی کی پیداوار حاصل ہوگی۔ڈیم کی تکمیل 2027-28 میں متوقع ہے۔

Scroll to Top