پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا راستہ کھلتا ہے تو اعتراض نہیں ، عرفان صدیقی

پی ٹی آئی کا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا راستہ کھلتا ہے تو اعتراض نہیں ، عرفان صدیقی

عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے بارہا اسٹیبلشمنٹ کے دروازے پر دستک دی، یہاں تک کہ ان کے ہاتھ زخمی ہوگئے۔

لیگی رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کا دروازہ کھلتا ہے تو ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم موجودہ صورتحال میں اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی سے بات چیت کرنے پر آمادہ نظر نہیں آتی۔

سماء نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بارہا اسٹیبلشمنٹ کے دروازے پر دستک دی، یہاں تک کہ ان کے ہاتھ زخمی ہوگئے، مگر جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جس انجام سے دوچار ہیں، اس راستے کا انتخاب انہوں نے خود کیا تھا۔

سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ سے براہ راست بات چیت کی خواہش سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کے بقول، پی ٹی آئی ایک شکست خوردہ لشکر کی مانند ہے جس کے پاس نہ کوئی واضح پالیسی ہے اور نہ ہی مستقبل کے لیے لائحہ عمل۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں بات چیت اور مفاہمت ہمیشہ اجتماعی کوششوں سے ممکن ہوتی ہے۔ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ ایک مربوط پالیسی اور مشترکہ ایجنڈا تشکیل دے کر بات چیت کے لیے حکومت سے رجوع کرے۔

عرفان صدیقی نے زور دیا کہ قومی سیاست میں مثبت پیش رفت اسی وقت ممکن ہے جب تمام فریقین سنجیدگی، اتفاق رائے اور جمہوری اصولوں کو اپنائیں۔

Scroll to Top