سرکاری ترجمان کے مطابق وزیراعظم اپنے اس اہم دورے میں میزبان ممالک کے سربراہان کے ساتھ ملاقاتوں میں خطے میں بدلتی ہوئی جغرافیائی صورتحال اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کرینگے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چھ روزہ سرکاری دورے پر ترکیہ، آذربائیجان، ایران اور تاجکستان روانہ ہوگئے ہیں۔ وہ اس دورے کے دوران دوست ممالک کی قیادت سے دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف لاہور سے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے استنبول پہنچے، جہاں ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
سرکاری ترجمان کے مطابق وزیراعظم اپنے اس اہم دورے میں میزبان ممالک کے سربراہان کے ساتھ ملاقاتوں میں خطے میں بدلتی ہوئی جغرافیائی صورتحال، اقتصادی روابط اور مشترکہ ترقیاتی منصوبوں پر بات چیت کریں گے۔ اس دوران وہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی حمایت کرنے پر ان دوست ممالک کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف 29 اور 30 مئی کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ہونے والی گلیشیئرز سے متعلق ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کی ضرورت پر زور دیں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان کی فعال سفارت کاری اور علاقائی رابطوں کے فروغ کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس سے نہ صرف دوست ممالک کے ساتھ تعلقات میں مزید وسعت آئے گی بلکہ خطے میں پائیدار امن اور ترقی کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف 30 مئی کو دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس لوٹیں گے۔





