پشاور کی تاجر برادری نے مائنز اینڈ منرلز بل اور بجلی بلوں پر فکس ٹیکس مسترد کر دیا

پشاور: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے صدر عاطف اکرام شیخ کی زیر صدارت پاکستان کے تمام ریجنل آفسز کی زوم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں پشاور ریجن سے ایگزیکٹیو ممبر شہزاد احمد صدیقی نے صوبے کی تاجر برادری کو درپیش اہم مسائل پر روشنی ڈالی۔

شہزاد احمد صدیقی نے وفاق کی جانب سے پیش کردہ مائنز اینڈ منرلز بل کو صوبے کے حق پر ڈاکہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ انہوں نے فیڈریشن سے مطالبہ کیا کہ وہ بھی اس بل کو مسترد کرتے ہوئے بھرپور کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ نیپرا کی جانب سے بجلی کے بلوں پر عائد ایک ہزار روپے فکس ٹیکس چھوٹے تاجروں پر بلاجواز بوجھ ہے، جسے فوری طور پر ختم کیا جائے۔

انہوں نے صدارتی آرڈیننس کے تحت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کو دیے گئے اضافی اختیارات پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور اس اقدام کو مسترد کر دیا۔

شہزاد احمد صدیقی نے پشاور ریجنل آفس کی تعمیر میں فنڈز کی کمی اور تاخیر کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان مسائل کو فوری بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ ریجنل آفس مؤثر طور پر اپنا کردار ادا کر سکے۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہرا کر پی ایس ایل 2025 کا ٹائٹل جیت لیا

اجلاس میں آئندہ بجٹ، حکومت کے ساتھ مذاکرات، ملکی معاشی استحکام اور دیگر اہم امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

Scroll to Top