پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آسیہ جہانگیر نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کسی ایک جماعت کی ملکیت نہیں، یہ صوبہ پی ٹی آئی کا بھی ہے اور ہمارا بھی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مرضی اب اکیلے نہیں چلے گی، پیپلز پارٹی آئندہ خاموش نہیں رہے گی اور بھرپور سیاسی مزاحمت کرے گی۔
آسیہ جہانگیر نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے 9 مئی کے واقعات میں پاکستان کا جھنڈا جلایا، جو کہ ایک شرپسندانہ عمل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک عظمت کا حالیہ اقدام درست نہیں، مگر پی ٹی آئی کا ماضی بھی کسی طرح قابلِ دفاع نہیں۔
انہوں نے گذشتہ روز پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر کی تقریر کے اختتام پر ہونے والی شیلنگ پر بھی سخت ردعمل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کے اختتام پر اچانک شیلنگ کی گئی جس کے باعث کئی خواتین کارکن بے ہوش ہو گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر پی ٹی آئی کا احتجاج، سکیورٹی سخت، بکتربند اور قیدی وین پہنچا دی گئی
انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا احتجاج صرف پی ٹی آئی کا حق ہے؟ کیا دیگر جماعتیں کرپشن کے خلاف احتجاج نہیں کر سکتیں؟
آسیہ جہانگیر نے اس بات پر زور دیا کہ پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا میں اپنی موجودگی ثابت کرے گی اور ہر سطح پر عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرے گی۔





