لنڈی کوتل: افغانستان سے دُنبوں کی درآمد میں رکاوٹوں کے خلاف جرگہ، فوری اجازت کا مطالبہ

سید ہارون شینواری

خیبر: لنڈی کوتل میں افغانستان سے دُنبوں کی درآمد میں حائل رکاوٹوں کے خلاف تحصیل چیئرمین شاہ خالد شینواری کی زیر صدارت ایک اہم جرگہ منعقد ہوا۔ جرگے میں مقامی مشران، ملکان، بلدیاتی نمائندوں اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جرگے کے اختتام پر ایک متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے مقامی آبادی کو سہولت فراہم کی جائے اور افغانستان سے دُنبوں کی درآمد کو فوری اور آسان بنایا جائے۔

شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک جانب بارڈر مارکیٹس کے قیام کے ذریعے سرحدی عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کا دعویٰ کرتی ہے، لیکن دوسری جانب عید الاضحی جیسے اہم مذہبی موقع پر غیر ضروری قانونی پیچیدگیاں کھڑی کر کے عوام کو مشکلات سے دوچار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شنواری، آفریدی اور شلمانی قبائل کو عید کے موقع پر دُنبے درکار ہوتے ہیں، لیکن درآمد پر پابندی کے باعث سنت ابراہیمی کی ادائیگی میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ مقامی مارکیٹ میں دُنبوں کی قلت اور قیمتوں میں ہوش ربا اضافے نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

جرگے نے کمانڈنٹ خیبر رائفلز، ڈپٹی کمشنر خیبر، ضلعی انتظامیہ اور طورخم کسٹمز حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ محدود پیمانے پر دُنبوں کی درآمد کی اجازت دیں تاکہ مقامی افراد اپنی مذہبی روایات کو مکمل طریقے سے ادا کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا،ملک میں عیدالضحی 7جون کو ہوگی

شرکاء نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ مذہبی اور معاشی اہمیت کے حامل اس مسئلے پر فوری توجہ دے اور لنڈی کوتل کے عوام کو ان کے حق سے محروم نہ کرے۔

Scroll to Top