بابوسر ٹاپ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں آئل ٹینکر اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ سڑک پر برف جم جانے اور پھسلن کے باعث پیش آیا۔ ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور جاں بحق ڈرائیور کی لاش قریبی اسپتال منتقل کردی۔ پولیس کے مطابق ڈرائیور کی لاش بری طرح مسخ ہوچکی ہے، جس کے باعث فوری شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔
زخمیوں کے بیان کے مطابق جاں بحق ڈرائیور کا تعلق کوہستان سے تھا۔ پولیس اور متعلقہ ادارے واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ علاقے میں پھسلن کے باعث ٹریفک کو محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت دی گئی ہے۔





