دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین حج آج میدان عرفات میں رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کررہے ہیں ۔ اس موقع پر مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ امام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید دے رہے ہیں ۔
خطبہ حج کے دوران امام کعبہ نے تقوی ، صبر ، توحید ، عبادات اور معاشرتی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ ایک ہے اور محمد ؐ اس کے رسول ہیں ، تقوی اختیار کرو ، اللہ سے ڈرو ، اور جس چیز سے اللہ نے منع کیا ہے اس سے رک جائو ۔
امام کعبہ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ معاف کرنیوالا ہے تقویٰ اختیار کرنیوالوں پر اس کی خاص رحمت نازل ہوتی ہے ، نیکی کے کاموں میں ایک دوسرے کا ساتھ دو اور برائی سے بچو۔
اما شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ نے حج کا خطبہ دیتے ہوئے فرمایا کہ آج کے دن اللہ نے امت محمد ؐ پر اپنی نعمتیں مکمل کردی ہیں اور اسلام کو بطور دین پسند فرمایا ہے ، انہوں نے عبادات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا نماز ، روزہ ، زکوۃ اور حج کے بنیادی ارکان ہیں ، جوا ن پر عمل کرتا ہے وہی کامیاب ہے ۔
خطبہ میں امام کعبہ نے توحید ، نماز ، معاشرتی انصاف پڑوسیوں سے حسن سلوک اور گناہوں سے بچنے کی خصوصی تلقین کی اور فرمایا کہ شیطان تمہارا کھلا دشمن ہے اس سے ہوشیار رہو ، نیکیوں کو عام کرو ، معاشرے میں محبت پھیلا ئو اللہ اور اس کے رسول ؐ کے احکامات پر عمل کرو ۔
امام کعبہ نے ایمان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایمان زبان سے اقرار ار دل سے تصدیق کانام ہے ، نماز ، حیا ، صدق کلام اور فرائض کی ادائیگی ایمان کا حصہ ہیں ۔





