عمان میں پاکستان کے سفیر نوید صفدر بخاری نےکہا ہےکہ عمانی حکومت کی جاری ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کا سنہری موقع موجود ہے، جس کے تحت اوور اسٹے پاکستانی شہری تمام جرمانوں سے مستثنیٰ ہو کر 31 جولائی تک وطن واپس جا سکتے ہیں۔
انہوں نے پاکستانی برادری سے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن نے اس اسکیم سے مستفید ہونے والے پاکستانیوں کے لیے خصوصی رعایتی پیکیج کا اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے انتہائی سستے ون وے ٹکٹ فراہم کیے جا رہے ہیں۔
سفیر کے مطابق جن کے پاسپورٹ ایکسپائر ہو چکے ہیں، انہیں پہلے سفارت خانے سے ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ حاصل کرنا ہوگا، جبکہ جن کے پاس کارآمد پاسپورٹ موجود ہے، وہ براہ راست PIA کے مسقط دفتر سے ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ ٹکٹ صرف ان مسافروں کے لیے دستیاب ہے جو ایمنسٹی اسکیم کے تحت واپس جا رہے ہوں اور سند آفس کی رجسٹریشن اور SMS دکھانا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم کل متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے
سفیر نے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں، قانونی مشکلات اور جرمانوں سے بچیں اور آئندہ قانونی تقاضوں کے مطابق ہی ویزا حاصل کر کے بیرونِ ملک جائیں۔