بیجنگ : چین نے بغیر ڈرائیور کے چلنے والے جدید مائننگ ٹرک متعارف کروا دیے ہیں، جو خودکار نظام کے تحت منزل تک پہنچنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ ٹرک آزمائشی روٹس پر چلائے جا رہے ہیں، جبکہ حکومتی ضوابط کے تحت ان میں فی الحال ایک سیفٹی ڈرائیور موجود ہوتا ہے۔
ٹرک ابتدائی مراحل میں ڈرائیور کے ذریعے چلائے جاتے ہیں، مگر ایک خاص مقام پر بٹن دبانے کے بعد یہ مکمل طور پر خودکار حالت میں آ جاتے ہیں اور شاہراہ پر تیزی سے سفر کرتے ہیں۔ ٹرک جب ٹول پلازہ یا مخصوص مقامات کے قریب پہنچتے ہیں تو ڈرائیور کنٹرول دوبارہ سنبھال لیتے ہیں۔
سیفٹی ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ ان کا کردار ہنگامی صورتحال میں فوری کنٹرول سنبھالنا ہوتا ہے تاکہ حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
کمپنی حکام کے مطابق جلد ہی ان ٹرکوں کو مکمل طور پر بغیر ڈرائیور کے چلانے کے قابل بنا دیا جائے گا، جس سے نہ صرف ڈرائیورز کی تھکن کم ہوگی بلکہ وہ دوران سفر دیگر سرگرمیوں میں بھی مصروف رہ سکیں گے۔





