برسلز : پاکستان کا اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد، سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں، واشنگٹن، نیویارک اور لندن کے کامیاب دوروں کے بعد یورپی یونین کے مرکزی دارالحکومت برسلز پہنچ گیا۔
برسلز آمد پر یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لیے پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مقرر کردہ اس وفد کا بنیادی مقصد بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنا ہے، خصوصاً بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی، مسئلہ کشمیر، اور بھارت کی جانب سے پھیلائی جانے والی غلط معلومات پر مبنی مہم کو مؤثر طریقے سے چیلنج کرنا۔
وفد میں شامل دیگر اہم اراکین میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، سینیٹر شیری رحمان، سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، سابق وزیر تجارت خرم دستگیر خان، اور سینیٹر فیصل سبزواری شامل ہیں۔
وفد اپنے قیام کے دوران یورپی یونین اور بیلجیئم کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا، جن میں بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف بیانیے اور اقدامات پر بات چیت کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : بلاول بھٹو کے دورۂ امریکہ پر امریکی ردعمل، پاک بھارت جنگ بندی کو خوش آئند قرار دے دیا گیا
وفد کی یورپ کے معروف تھنک ٹینکس اور بین الاقوامی میڈیا نمائندوں سے ملاقاتیں بھی طے ہیں، جن میں پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر زور دیا جائے گا۔





