اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ، تہران میں زور دار دھماکوں کی آوازیں

اسرائیل نے ایران پر فضائی حملے کرتے ہوئے جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات پرفضائی حملے کیے ہیں، دارالحکومت تہران کےشمال مشرقی علاقے میں بھی دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئیں اور بعض مقامات سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔

اسرائیلی وزیرِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر پیشگی حملہ کر دیا ہے، ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔

اسرائیلی فوجی عہدیدار کے مطابق اسرائیل جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنا رہا ہے،  اسرائیل نے ایران میں درجنوں مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیلی فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ  ایران کے پاس چند دنوں میں 15 جوہری بم بنانے کے لیے کافی مواد موجود ہے۔اسرائیل یقینی بنارہا ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران پر حملے کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے، حملے میں ایران کے جوہری اہداف سمیت درجنوں فوجی اہداف شامل ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ہم اسرائیل کی تاریخ کے فیصلہ کن موڑ پر ہیں، ہماری لڑائی ایرانی عوام سے نہیں بلکہ ایرانی آمریت سے ہے.

اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ایران کے جوہری افزودگی نظام کو نشانہ بنایا ہے۔

ایران کا کہنا ہے کہ ملک کا فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر الرٹ ہے۔

اس کے علاوہ ایران نے تہران کے امام خمینی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں معطل کر دی ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں متعدد رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

اس سے قبل امریکی میڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ اسرائیل کسی بھی وقت ایران پر حملہ کرسکتا ہے اور اسرائیل نے ایران پر حملے کی پیشگی اطلاع امریکا کو بھی کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران پر اسرائیلی حملے میں ہمارا کوئی کردار نہیں،امریکا

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران پراسرائیلی حملےمیں امریکا کا کوئی کردار  نہیں ہے۔

امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیو کا کہنا ہے کہ ہم ایران کے خلاف حملوں میں ملوث نہیں،  ہماری ترجیح خطے میں امریکی افواج کا تحفظ ہے۔

امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ اسرائیل نے ہم سے کہا کہ ایران کے خلاف کارروائی اپنے دفاع کے لیے ضروری تھی۔

Scroll to Top