اسپین کی نئی امیگریشن پالیسی جاری،لاکھوں افراد کیلئے روزگار اور رہائش کے مواقع

اسپین حکومت نے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کے لیے “عام معافی” (امنیسٹی) کے بڑے منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے۔

اس فیصلے کے تحت اسپین میں مقیم لاکھوں افراد کو باقاعدہ رہائشی اور ورک پرمٹ حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جس کے بعد وہ قانونی طور پر وہاں ملازمت اور رہائش اختیار کر سکیں گے۔

ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے اس اقدام کو انصاف پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ پہلے ہی ملک میں رہ کر کام کر رہے ہیں، انہیں معاشرے اور ٹیکس نظام کا حصہ بنانا معیشت کے لیے ضروری ہے۔

حکومتی پالیسی کے مطابق، اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزاروں کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ ایک مخصوص تاریخ سے پہلے اسپین پہنچ چکے تھے، وہاں ایک عرصے سے مقیم ہیں اور ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے۔

اہل قرار پانے والے افراد کو ابتدائی طور پر ایک سال کا عارضی رہائشی اور ورک پرمٹ جاری کیا جائے گا۔ درخواستیں جمع کرانے کا عمل 20 اپریل سے شروع ہو کر30 جون تک جاری رہے گا۔

حکام کا اندازہ ہے کہ اس اسکیم سے تقریباً 5 لاکھ افراد مستفید ہوں گے، تاہم یہ تعداد اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top