خیبرپختونخوا حکومت کا گڈ گورننس روڈ میپ تیار، 7 ارب روپے سے زائد کا بجٹ مختص

خیبرپختونخوا حکومت کا گڈ گورننس روڈ میپ تیار، 7 ارب روپے سے زائد کا بجٹ مختص

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں شفاف، موثر اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے لیے ایک جامع ’’گڈ گورننس روڈ میپ‘‘ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت تمام محکموں کے لیے واضح اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ ان اہداف کے بروقت حصول اور پالیسیوں کے عملی نفاذ کے لیے بجٹ میں 6 ارب 99 کروڑ 40 لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق اس روڈ میپ میں ہر محکمے کے لیے واضح سمت اور وقت کا تعین کیا گیا ہے، تاکہ کارکردگی میں بہتری، وسائل کے مؤثر استعمال اور عوامی خدمات کی فراہمی میں تیزی لائی جا سکے۔

شعبہ وار بجٹ مختص
صحت: 2 ارب 84 کروڑ 90 لاکھ روپے
زراعت: 50 کروڑ روپے
ابتدائی تعلیم: 15 کروڑ روپے
معدنیات (مائنز اینڈ منرلز): 70 کروڑ روپے
مقامی حکومت و اعلیٰ تعلیم: 45 کروڑ روپے
صنعت: 70 کروڑ روپے
سیاحت: 15 کروڑ روپے
سوشل ویلفیئر: 25 کروڑ روپے
ہاؤسنگ: 10 کروڑ روپے
کمیونیکیشن اینڈ ورکس: 30 کروڑ روپے

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ صرف بجٹ تک محدود نہیں بلکہ اس کے نفاذ اور مانیٹرنگ کے لیے بھی مکمل انتظام کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے جو منصوبے پر پیش رفت، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنائے گا۔

حکومتی موقف:
اعلیٰ حکام کے مطابق اس روڈ میپ کا مقصد صرف پالیسی سازی نہیں بلکہ اس پر عملی اقدامات کے ذریعے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ حکومت کا عزم ہے کہ محکموں کی کارکردگی کو باقاعدہ جانچا جائے اور غیر مؤثر عملدرآمد پر جواب دہی بھی ہو۔

یہ اقدام خیبرپختونخوا کو مؤثر گورننس کی جانب ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس سے صوبائی سطح پر ترقی، شفافیت اور عوامی اعتماد میں اضافہ متوقع ہے۔

Scroll to Top