عوامی نیشنل پارٹی کا اسرائیلی حملے کی شدید مذمت، خطے میں امن کی ضرورت پر زور

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی اسرائیلی صیہونی حکومت کی جانب سے ایران کی خودمختار سرزمین پر کیے گئے بزدلانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

سینیٹر ایمل ولی خان نے اس حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان عظیم فوجی رہنماؤں اور اہلکاروں کی شہادت پر دل کی گہرائی سے افسوس کرتے ہیں جو اس قابلِ نفرت جارحیت کا نشانہ بنے، ان کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اے این پی یہ واضح طور پر تسلیم کرتی ہے کہ ایران کو اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی غیر ملکی جارحیت کے خلاف دفاع کا مکمل اور جائز حق حاصل ہے جیسا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج ہے۔

ایمل ولی خان نے اسرائیلی جارحیت کو نہایت خطرناک اور ناقابلِ قبول اشتعال انگیزی قرار دیا اور عالمی برادری کی خاموشی کو مزید ناقابلِ برداشت قرار دیا،انہوں نے کہا کہ دنیا اب مزید خاموش تماشائی نہیں رہ سکتی، جبکہ صیہونی حکومت بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے۔

سینیٹر ایمل ولی خان نے اسرائیل کے ایران کو غیر مستحکم کرنے کے کسی بھی اقدام کو پورے مشرق وسطیٰ کے لیے شدید خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیا اور کہا کہ ایسے اقدامات خطے کو جنگ میں دھکیل سکتے ہیں جس کے تباہ کن نتائج ہوں گے۔

ایمل ولی خان نے نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ تہران کی سفارتی اور سیاسی سطح پر بھرپور حمایت کریں اور اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے اجتماعی علاقائی ردِعمل کی ضرورت پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبے میں تعلیمی ایمرجنسی نافذکردی

ایمل ولی خان نے کہا کہ آگے کا راستہ صرف مذاکرات اور کشیدگی کے خاتمے پر مشتمل ہونا چاہیے، نہ کہ یکطرفہ تشدد پر مبنی کارروائیوں پر جو پورے خطے کے لیے تباہی کا پیغام بن سکتی ہیں۔

Scroll to Top