کالا باغ ڈیم ملکی مفاد میں ہے، اتفاق رائے سے مسئلہ حل ہوسکتا ہے،علی امین گنڈاپور

کالا باغ ڈیم ملکی مفاد میں ہے، اتفاق رائے سے مسئلہ حل ہوسکتا ہے،علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کو ملکی مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سندھ اور بلوچستان کے تحفظات دور کر لیے جائیں تو اس اہم قومی منصوبے پر اتفاق رائے ممکن ہے۔

سی پی این ای (کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز) کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ’’کالاباغ ڈیم ایک ایسا منصوبہ ہے جس سے نہ صرف توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ زرعی ترقی میں بھی انقلابی بہتری آ سکتی ہے۔‘‘

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ’’سندھ اور بلوچستان کے خدشات دور کرنا ضروری ہے، اگر یہ ممکن ہو جائے تو خیبرپختونخوا اسمبلی سے اس منصوبے کے حق میں قرارداد منظور کرانا مشکل نہیں۔’’انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے صوبے میں کالاباغ ڈیم کی مخالفت صرف اے این پی کرتی ہے، جو محض ایک نشست رکھنے والی جماعت ہے۔‘‘

میڈیا پر قدغن ناقابل قبول، پیکا ایکٹ کو مسترد کر چکے ہیں، وزیراعلیٰ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے آزادی صحافت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت آزادی اظہار پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ہم کسی بھی ایسے قانون کو قبول نہیں کرتے جو میڈیا کو خاموش کرانے کی کوشش کرے۔ انہوں نے پیکا ایکٹ کو ’’میڈیا کی آزادی پر حملہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اس قانون کے تحت کوئی کارروائی برداشت نہیں کریں گے۔’’انہوں نے واضح کیا کہ ’’صوبے میں اس قانون کے تحت اب تک کسی کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔‘‘

پنجاب حکومت کا قانون آزادی اظہار کے خلاف ہے
وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کی جانب سے حالیہ ’عوامی آگاہی ایکٹ‘ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’یہ قانون اسلامی اقدار اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی ہے۔ جب خلیفہ وقت سے سوال کیا جا سکتا ہے تو کسی بھی عوامی نمائندے سے سوال کرنے پر پابندی کیوں؟‘‘

انہوں نے کہا کہ میڈیا کا حق ہے کہ وہ سوال کرے اور تنقید کرے، ’’ہم اس تنقید کی روشنی میں اپنی اصلاح کریں گے، اگر کوئی الزام بھی لگائے گا تو ہم اللہ پر چھوڑیں گے، کسی کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے۔‘‘

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا میں آزادی صحافت کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

Scroll to Top